
ہیپاٹائٹس کے عالمی خاتمے کے لیے پیش رفت: اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کی اسٹریٹجک بریفنگ
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے قائم اقوام متحدہ کے گروپ آف فرینڈز کے سیکریٹریٹ کے اشتراک سے امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک اسٹریٹجک سفارتی بریفنگ اور مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا موضوع "ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی جانب پیش رفت: اعلیٰ سطح کی سیاسی کارروائی کے لیے رفتار پیدا کرنا” تھا۔
اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے وزیراعظم پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کا آغاز کر رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے تعاون سے ہیپاٹائٹس سی کو 2030 تک صحتِ عامہ کے لیے خطرہ بننے سے روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے 250 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
سفیر عثمان جدون نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو مفت اسکریننگ، تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف خود قومی ٹاسک فورس کی قیادت کر رہے ہیں، جو پروگرام کی پیش رفت کی نگرانی اور اس کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات، سیاسی عزم اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔















