بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

 شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو بند

 حد نگاہ کم ہونے کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی

موٹروے پولیس نے شدید دھند کی شدت کے باعث لاہور سے ہرن مینار تک موٹروے ایم 2 کو بند کر دیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق حد نگاہ کم ہونے کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے عوام کی حفاظت کے پیش نظر موٹروے کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔

ترجمان نے ڈرائیورز اور مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ دھند کے دوران لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوںنے کہا کہ شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین اوقات ہیں۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت بھی کی ہے اور تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنا ضروری ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے مزید کہا کہ کسی بھی معلومات یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اشتہار
Back to top button