بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

محکمہ اینٹی کرپشن سرگودہ کی کرپٹ مافیا کے خلاف کاروائی؛ کروڑوں روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا حافظ محمد عمران کی میڈیا سے گفتگو

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا حافظ محمد عمران نے کہا ہے کہ معاشرے میں کرپشن ناسور کی طرح پھیل رہا ہے کرپشن میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن سرگودہ بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کرپٹ مافیا کے خلاف کاروائی کر رہا ہے۔ اب تک کروڑوں روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے اور درجنوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ایک قومی مہم کے طور پر کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لوگ کرپشن کے خلاف اواز اٹھاتے ہیں، درخواست بازی بھی کرتے ہیں۔ جب محکمہ اینٹی کرپشن کاروائی شروع کرے تو چند دن کے بعد یہ لوگ اچانک کمپرومائز کر لیتے ہیں۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن حافظ محمد عمران نے میڈیا سے کہا کہ وہ ٹھوس بنیاد پر کرپشن کی نشاندہی کریں ہم ضرور کاروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سے سرگودھا ڈویژن میں جتنے میگا پروجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے محکمہ اینٹی کرپشن ان کی کوالٹی چیک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں خود بھی سرپرائز وزٹ کروں گا تاکہ بڑے بڑے میگا پروجیکٹس میں ناقص مٹیریل غیر معیاری مٹیریل استعمال نہ ہو۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن حافظ محمد عمران نے اس موقع پر کہا کہ 2019ء کے بعد 2023ء تک جتنی بھی زیر التوا درخواستیں تھیں سب کو نپٹا دیا گیا ہے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے کہ سائل کو جلد از جلد ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بھرپور مہم بھی چلائی جائے گی۔ عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے / اچھا معاشرہ اچھی سوسائٹی اسی وقت قائم ہوتی ہے جب سب لوگ بہتری کے لیے کوشش کریں۔

انہوں نے سرگودھا کے میڈیا کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سرگودھا کے میڈیا نے نشاندہی کی مثبت صحافت کو فروغ دیا۔ میں امید رکھوں گا کہ میڈیا کے لوگ میری رہنمائی کرتے رہیں گے۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے اس موقع پر مختلف امور سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا جن پر محکمہ اینٹی کرپشن کام کر رہا ہے۔

اشتہار
Back to top button