ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سے واک
ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سے ڈی ایچ او آفس ٹانک میں افتتاحی تقریب اور واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایچ او ٹانک شیر خان آفریدی ،نیشنل پروگرام کوارڈینیٹر ڈاکٹر عمران ، ڈسٹرکٹ نیوٹیشن منیجر ڈیرہ و ٹانک عمیر احمد ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن مینجمنٹ آفیسر ٹانک سیف اللہ ، ڈسٹرکٹ نیوٹیشن کوارڈینیٹر بینظیر نشونما شاہد آفریدی ، ایل ایچ ڈبلیو کوآرڈینیٹر ٹانک، ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر ،بی آئی ایس پی اے ڈی سی رخسانہ ، ملیریا کوآرڈینیٹرجمیل ، ہیلتھ فوکل پرسن، آئی ایم او ٹانک، ایل ایچ وی، ایل ایچ ایس، ایل ایچ ڈبلیو، آئی این پی اور بی آئی ایس پی این ایز عملہ موجود تھا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او ٹانک شیر خان آفریدی ودیگر نے کہاکہ ماں کا دودھ بچوں کیلئے بہترین غذا ہے جس سے نہ صرف ماں اور بچے کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ ایک بہترین معاشرہ بھی ترتیب پاتا ہے اور ملک کو بہترین افرادی قوت میسر آتی ہے،نوزائیدہ بچے کیلئے ماں کے دودھ کی افادیت اجاگر کرنے کے حوالے سے اس پروگرام کا موضوع نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ماں اور بچے کی عمومی صحت اور صحت مندانہ معاشرے کے قیام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائوں کا بچوں کو اولین6ماہ تک صرف اپنا دودھ اور دو سال تک دیگر ٹھوس غذا کے ساتھ اپنا دودھ پلانا نہ صرف بچے کا حق ہے بلکہ مائوں کا دینی فریضہ ہے جس سے آگاہی کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لانا ہونگی کیونکہ کوئی بھی فوڈ سپلیمنٹ قطعی طور پر بچے کیلئے ماں کے دودھ کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔ تقریب کے اختتام پر نوزائیدہ بچے کیلئے ماں کے دودھ کی افادیت اجاگر کرنے کے حوالے سے واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔