سیاسی صورتحال تباہی کی طرف جا رہی ہے، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی صورتحال تباہی کی طرف جا رہی ہے، حکومت جو قدم بھی اٹھاتی ہے، اسے ہی نقصان ہوتا ہے اور اس کا فائدہ بانی پی ٹی آئی کو پہنچ رہا ہے۔ لال حویلی کیس کی وزارت مذہبی امور میں سماعت ہوئی، شیخ رشید کے وکلا کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی گئی، شیخ رشید سیکریٹری مذہبی امور کے روبرو پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ہائی کورٹ لال حویلی کے معاملے پر اپنے احکامات دے چکی ہے، وزارت مذہبی امور اس پر مزید کاروائی نہیں کر سکتی۔سیکٹری مذہبی امور نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ جب ایک معاملہ سیٹ اے سائیڈ کر دے تو اس کا کیا اسٹیٹس رہ جاتا ہے، وکیل نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک کی طرف سے فیصلہ آنا باقی ہے، یہ معاملہ آپ واپس لے لیں، آپ کو اس پر احکامات کا اختیار نہیں۔
سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ اگر مجھے اختیار نہیں تو پھر اپ یہاں کیوں موجود ہیں، میں کوئی آرڈر جاری نہیں کر رہا مجھے معاملہ سمجھائیں، میں اس پر کیا لکھوں۔بعد ازاں، شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے ،ہائیکورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے، مجھے نوٹس ملا کہ میں سیکریٹری مذہبی امور کے پاس حاضر ہوجاؤں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ساڑھے 9 بجے بلایا گیا لیکن سیکر یٹری مذہبی امور موجود نہیں ہیں، لال حویلی میرے بھائی کے نام ہے اور میری وہاں رہائش ہے، سمجھ نہیں آ رہی کہ انہوں نے کیوں نوٹس دیا گیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لال حویلی پونے 3 مرلے ہے، اور 19 گھر اس کے پیچھے ہیں، اب بھی ہم ہائی کورٹ جائیں، جب کسی کی عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں تو پھر کیا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو قدم بھی یہ اٹھاتے ہیں ان کو ہی نقصان ہوتا ہے، اور اس کا فائدہ بانی پی ٹی آئی کو جا رہا ہے، جب کہ سیاسی صورتحال تباہی کی طرف جا رہی ہے۔