بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر اعلیٰ پنجاب  نے صوبہ میں آئی ٹی کے ذریعے گورننس، سروس ڈلیوری بہتر بنانے کا ٹاسک دے دیا

 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبہ میں آئی ٹی کے ذریعے گورننس، سروس ڈلیوری بہتر بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی، ہر محکمے سے عوام کو فراہم کی جانیوالی خدمات کی تفصیلات اور ان کی آسان آن لائن رسائی یقینی بنانے سے متعلق تجاویز طلب کر لی گئیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس ہوئی، جس میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ آئی ٹی کے استعمال سے عوام کیلئے خدمات کی فراہمی کوآسان بنایا جائے گا۔

زاہد اختر زمان نے کہا کہ خدمات کی آن لائن فراہمی سے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی، ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم (E-FOAS) اور ای پروکیورمنٹ سسٹم پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے، پیپر لیس ورکنگ سے کام کے طریقہ کار میں شفافیت اور جدت آئی ہے، روایتی فائل سسٹم ختم ہونے سے اربوں روپے کی بچت ہوگی، کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے افسران اپنے فرائض خلوص نیت سے سر انجام دیں، محکموں کو زیر التواء پنشن کیسز اور محکمانہ انکوائریز کو جلد نمٹانے سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئیں۔

اجلاس میں سابق چیف سیکرٹری جاوید محمود مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، اس موقع پر زاہد اختر زمان نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیے  توہین مذہب کا ملزم 10 سال بعد بری

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور ڈائریکٹرز جنرل نے شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

Back to top button