بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

فیصل بینک اور OPay کے مابین پاکستان بھر میں ڈیجیٹل مرچنٹ سروسز کو فروغ دینے کیلئے معاہدہ

معروف اسلامی مالیاتی ادارے فیصل بینک نے شریعت کے مطابق جدید ترین ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے معروف بین الاقوامی فن ٹیک کمپنی اوپے (OPay) کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا اعلان کیا ہے۔اس شراکت کا مقصد چھوٹے، درمیانے اور بڑے کاروباری اداروں میں ہر طرح کا لین دین ڈیجیٹل طریقے سے کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ یہ اشتراک ملک میں مالیاتی شمولیت اورڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ایجنڈے کے مطابق ہے۔ اس اشتراک کا مقصد تجارتی خدمات میں ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانا ہے، جو کاروباری اداروں اور صارفین کو یکساں طور پر بغیر کسی رکاوٹ بہترین مالیاتی خدمات فراہم کرے گا۔

اس شراکت داری کا بنیادی مقصد اسلامی مالیاتی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے ڈیجیٹل مرچنٹ سروسز کو فروغ دینا ہے۔ کاروباری ادارے جدید اور محفوظ ادائیگی کے طریقے کو اپنا کر فیصل بینک کی شرعیہ کمپلائنس سروسز سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اوپے کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔ فیصل بینک اپنی شریعہ سے مطابقت رکھنے والی مالیاتی مہارت کو اوپے کی تکنیکی مہارت کے ساتھ ملا کر ڈیجیٹل مرچنٹ سروسز کو نئی شکل دے گا اور پاکستان میں فن ٹیک کے حوالے سے ایک نظام کو وضع کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

فیصل بینک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اوپے پاکستان لمیٹڈ کے صدر علی کاظمی نے کہا کہ فیصل بینک کے ساتھ یہ اسٹریٹجک تعاون کاروباری اداروں کو جدید ترین لین دین، اور صارفین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے مجموعی تجربے کو بہتر بنائے گا۔فیصل بینک اوراوپے فن ٹیک کے شعبے میں ہونے والی جدت میں سرفہرست رہنے اور مارکیٹ کو معروف حل فراہم کرنے کے لیے جاری تحقیق اور ترقیاتی اقدامات کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیے  سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے کمی
Back to top button