سردیوں میں کھانسی و دیگر بیماریوں سے بچنے کیلئے یہ غذائیں کھائیں
موسم سرما کے شروع ہوتے ہی نزلہ، کھانسی اور دیگر بیماریاں سر اٹھا لیتی ہیں جن سے جان چھوڑانا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ان سب سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ سردیوں میں اپنی قوت مدافعت کو مضبوط بنایا جائے تاکہ آپ کا جسم بیکٹیریا اور وائرل انفیکشن سے لڑنے کی صلاحیت رکھ سکے۔
کھٹے پھل
شاید آپ کو سن کر عجیب لگ رہا ہوگا کہ کھٹے پھل کھانے سے تو گلا خراب ہو جائے گا اور کھانسی بھی شروع ہو جائے گی لیکن یہ بات درست نہیں ہے کیونکہ قدرت نے کھٹے پھلوں میں انفیکشن سے لڑنے کی صلاحیت رکھی ہے۔
کھٹے پھلوں میں مالٹا، کینو، لیمو اور گریپ فروٹ جیسے پھل شامل ہیں کیونکہ ان میں وٹامن سی کی مقدار بھرپور ہوتی ہے جو جسم میں وائٹ بلڈ سیل کو پیدا کرتے ہیں اور انفیکشن سے لڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
بیریز
بیریز میں اسٹرابیری، بلو بیری اور شہتوت وغیرہ شامل ہیں، ان بیریز میں اینٹی آکسیڈینٹ، وٹامنز اور فائبر بھاری مقدار میں پایا جاتا ہے جو قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔
دہی
دہی اور دیگر خمیر شدہ کھانے میں فائدہ مند بیکٹیریا ہوتے ہیں جنہیں پروبائیوٹکس کہا جاتا ہے۔دہی میں موجود اچھے بیکٹیریا آنتوں کو صحت مند بنانے میں مدد کرتے ہیں جو مدافعتی کام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پالک
پالک جیسی پتوں والی سبز سبزیاں وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو کہ مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہیں۔
ادرک
اس کے علاوہ ادرک بھی کھانسی سے بچنے میں بہترین کردار ادا کرتا ہے، ادرک میں سوزش سئ بچاؤ اور اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات ہوتی ہیں جو کھانسی اور نزلہ زکام سے وابستہ سانس کی بیماریوں کو دور کرنے میں مدد دیتی ہیں۔