بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آئمہ کرام جمعہ کی نماز میں عافیہ کی جلد رہائی کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کرائیں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ڈاکٹر فوزیہ اور سینیٹر طلحہ محمود امریکہ پہنچ گئے، قونصل جنرل اشعر شہزاد سے عشائیہ پر ملاقات

گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ایپی لیپسی فائونڈیشن کی صدر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکہ میں قید اپنی  ہمشیرہ ڈاکٹر عافیہ سے ملنے کے لیے ہوسٹن ٹیکساس پہنچ گئی جبکہ جمعیت العلمائے اسلام کے سینیٹر طلحہ محمود بھی ڈاکٹر عافیہ سے ملنے امریکہ پہنچ گئے ہیں ۔ گزشتہ شب ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سینیٹر طلحہ محمود کے ہمراہ ہیوسٹن میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل اشعر شہزاد سے ملاقات کی جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

سینیٹر طلحہ محمود یکم دسمبر کو  ایف ایم سی کارسویل جیل میں ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کریں گے جبکہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی 2 اور 3 دسمبر کو اپنی بہن سے ملاقات طے ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکہ سے خصوصی پیغام میںڈاکٹر عافیہ کی سلامتی اور رہائی کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ملک بھر کی مساجد اور مدارس کے ائمہ کرام سے اپیل کی ہے کہ یکم دسمبر کو جمعة المبارک کی نماز میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی صحت، سلامتی اور عافیت کے ساتھ جلد رہائی و وطن واپسی کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کرائیں کہ اللہ تعالیٰ رہائی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ختم فرما دے۔ انہوں نے کہا کہ قوم بھی دعا کرے کہ عافیہ جلد رہا ہو کر وطن واپس آئے اور میری 2 اور3دسمبر کو عافیہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات پچھلی ملاقاتوں سے مختلف ہو جب عافیہ کو میرے سامنے زنجیروں میں جکڑ کر لایا گیا تھا ، درمیان میں شیشے کی موٹی دیوار حائل تھی اور ٹیلی فون کے ذریعے بات چیت کرائی گئی تھی اور ٹیلی فون کی تار اس قدر چھوٹی تھی کہ ریسیور دوسرے کان پر لگانا ممکن نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ تین چار گھنٹے کی ملاقات میں ٹیلی فون کے ذریعے بات چیت کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ اس مرتبہ سوشل وزٹ کے قانون کے مطابق عافیہ سے ملاقات باالمشافہ ہوگی اور مجھے قوم کی بیٹی کو گلے لگا کر تسلی دینے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھیے  چوہدری پرویز الہیٰ دوبارہ زیر حراست، ایف آئی اے نے گن مین کو بھی پکڑ لیا
Back to top button