بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عالمی برادری غزہ میں خونریزی کو روکنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر عارف علوی

جنگ کسی بھی تنازع کا حل نہیں ،فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام پر عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنگوں اور تنازعات کے نتیجے میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کو روکنے اور انسانیت کو دنیا کے طاقتوروں کے تشدد سے بچانے کے لیے ایک متحد نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں خونریزی کو روکنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اسلام آباد پالیسی رسیرچ انسی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی)کے زیر اہتمام سالانہ مارگلہ ڈائیلاگ 2023 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں اور دانشوروں سمیت مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ عقل کی طاقت کو ان متشدد قوتوں پر فوقیت حاصل ہونی چاہیے جو انسانیت اور انصاف کی روح کو ختم کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا میں مفادات انسانیت پر غالب ہیں جہاں لوگوں کو غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنانا معمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی تنازع کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جنگ کے خاتمے کے خلاف ویٹو کا حق استعمال کرنا متعلقہ ممالک کے اخلاقی معیارات پر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام پر عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خونریزی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کو ختم کرنے کے اپنے جواز میں فلسطینیوں کو وحشیانہ قتل عام کا نشانہ بنارہاہے اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کو اجتماعی نقصان قرار دے رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں یورپ میں جنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد دنیا نے امن معاہدے کئے اور بعد ازاں لیگ آف دی نیشنز اور اقوام متحدہ جیسے ادارے معرض وجود میں آئے۔ انہوں نے تنازعات کو بڑھنے اور جنگوں کو روکنے کے لیے ایک موثر طریقہ کار کے لیے امن اقدامات کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار پر زور دیا۔

مزید پڑھیے  چترال، دیر، سوات، گلگت اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان

صدر مملکت نے کہا کہ تنازعات کے ساتھ ساتھ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں ، مصنوعی ذہانت، منفی سماجی بیانیہ، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور غیر مطمئن بنی نوع انسان سے وابستہ دیگر کئی خطرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز کے حقیقت پسندانہ حل کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے جس کے لیے قابل عمل نظاموں کو اپنانے اور اخلاقیات کو نقطہ نظر میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے صدر ڈاکٹر رضا محمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا قدرتی اور انسانی ساختہ آفات سے دوچار ہے، وقت آگیا ہے کہ انسانیت کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے اجتماعی نقطہ نظر اپنایا جائے۔ انہوں نے تنازعات کے حل، معیشت اور موسمیاتی تبدیلی پر عالمی توجہ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور تقریب کے شرکانے اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

Back to top button