بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور روس کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر زور

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ دفاع، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مفادات یکساں ہیں خاص طور پر دہشت گردی کے معاملے پر۔ انہوں نے افغانستان میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے دوطرفہ تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے میں روسی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔

روسی صدر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے استحکام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

روسی صدر نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روس نے پسماندہ افریقی ممالک کو مفت اناج فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

مزید پڑھیے  شہباز نواز ملاقات، پنجاب حکومت کی تبدیلی پر غور، الیکشن مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ
Back to top button