بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ کرکٹ، آسڑیلیا کو دوسری مسلسل شکست، جنوبی افریقہ 134 رنز سے فاتح

آئی سی سی ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو با آسانی 134 رنز سے شکست دے دی۔جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔رواں ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کی یہ مسلسل دوسری کامیابی جبکہ آسٹریلیا کی مسلسل دوسری شکست ہے۔   لکھنو کے بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے، ڈی کوک 109 اورایڈم مارکرم 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، کوئٹزی کی جگہ تبریز شمسی کو شامل کیا گیا جبکہ آسٹریلیا نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں، کیمرون گرین اور ایلکس کیری  کی جگہ مارکس اسٹوئنس اور جوش انگلس کو شامل کیا گیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے  اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کوک اور  کپتان ٹیمبا باووما  نے کیا،دونوں کے درمیان 108 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر  باووما  20 ویں اوور میں گلین میکسویل کی گیند پر  35  رنز بناکر  کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقا کو دوسرا نقصان وین ڈر ڈوسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور مارکرم نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے، اس دوران ڈی کوک نے رواں ورلڈکپ میں مسلسل دوسری سنچری بنائی۔

مزید پڑھیے  زینب عباس نے بھارت چھوڑنے کی وجہ بتا دی

تاہم ڈی کوک 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکرم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ کلاسن نے 29 ، ڈیوڈ ملر نے 17 اور مارکو جینسن نے 26 رنز بنائے، یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کےنقصان پر 311 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، گلین میکسویل نے 2،2 جبکہ ہیزل ووڈ، کمنز اور زیمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، کوئی بھی بیٹر افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔

ہدف کے تعاقب میں 70 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کے 6  بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے، مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں مارنس لبوشین نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے اور 46 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔اس کے علاوہ مچل اسٹارک 27، کپتان پیٹ کمنز 22، زیمپا نے 11 رنز بنائے، یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

Back to top button