بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ، بھارت نے بارش سے متاثرہ میچ میں نیپال کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

ایشیاکپ 2023 کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے نیپال کے خلاف اہم میچ بارش کے باعث ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس) کے تحت بغیر کسی نقصان کے 147 رنز بنا کر 10 وکٹوں سے جیت لیا۔سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلے گئے گروپ اے کے تیسرے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیپال کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔نیپال کے اوپنرز آصف شیخ اور کوشال بھورٹیل نے اچھا آغاز کیا اور ٹیم کے کے لیے 65 رنز کی اوپننگ شراکت کی۔

کوشال بھورٹیل نے 25 گیندوں پر 3 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے اور دسویں اوور کی پانچویں گیند پر شردل ٹھاکر کی گیند پر وکٹ کیپر ایشان کشن کو کیچ دے گئے۔دوسری وکٹ 77 کے اسکور پر گری جب بھم شارکی 7 رنز جوڑ کر جدیجا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

نیپال کے کپتان روہت پاؤڈیل بھی 5 کا اضافہ کرپائے اور جدیجا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے تو ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 93 رنز تھا،جس کے بعد 22 ویں اوور میں اسکور 101 رنز تھا تو جدیجا نے چوتھا نقصان پہنچایا اور 2 رنز بنانے والے کوشال مالا کو آؤٹ کردیا، سیراج نے ان کا کیچ لیا۔محمد سیراج کو 30ویں اوور میں باؤلنگ کے لیے واپس لایا گیا تو انہوں نے سب سے زیادہ رنز بنانے والے آصف شیخ کی وکٹ حاصل کی۔

آصف شیخ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور 97 گیندوں کا سامنا کرکے 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے تھے۔گلسن جھا نے 23 رنز بنا کر آصف شیخ کا ساتھ دیا لیکن 132 کے اسکور پر آصف کے آؤٹ ہونے کے بعد 144 رنز پر محمد سیراج کی دوسری وکٹ بن گئے۔آصف شیخ اور گلسن جھا کے آؤٹ ہونے کے بعد دیپندرا سنگھ آئری نے سومپل کامی کے ہمراہ اننگز آگے بڑھائی لیکن بارش نے مداخلت کی اور میچ کو روکنا پڑا۔

مزید پڑھیے  خالصتان ریفرنڈم کیلئے ووٹنگ کل کینیڈا میں ہو گی

میچ کا دوبارہ آغا ہوا تو دیپندرا سنگھ جلد ہی آؤٹ ہوگئے اور سنگھ اپنے انفرادی اسکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے، 25 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 29 رنزبنانے والے بلے باز کو پانڈیا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔سومپال کامی نے 56 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور صرف دو رنز کے فرق سے نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے۔محمد شامی نے 48 ویں اوور کی دوسری گیند پر سومپال کامی کو آؤٹ کیا تو نیپال کا اسکور 228 رنز تھا۔

سندیپ لیمیچین نے 9 رنز بنائے تھے لیکن 229 کے اسکور پر وہ رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد محمد سیراج نے لالیت راجبانشی کو صفر پر آؤٹ کردیا تو نیپال کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔نیپال کی ٹیم 49 ویں اوور کی دوسری گیند پر 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے محمد سیراج اور روایندرا جدیجا نے سب سے زیادہ 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کپتا روہت شرما اور شمبن گل نے دو اوورز میں 13 رنز بنائے، جس مین شبمن گل کے 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔تیسرے اوور کی پہلی گیند پر روہت شرما نے چوکا رسید کیا لیکن بارش نے مداخلت کی، جس پر کھیل میں تعطل آگیا اور پورے گراؤنڈ پر کور چڑھائے گئے۔بعد ازاں میچ کو 23 اوورز تک محدود کرکے بھارت کو جیت کے لیے ڈی ایل ایس کے تحت 145 رنز کا ہدف دیا گیا۔روہت شرما اور شبمن گل نے شان دار بیٹنگ کی اور اوپننگ شراکت میں 21 ویں اوور کی پہلی گیند پر ناقابل شکست 147 رنز بنا کر ٹیم کو 10 وکٹوں سے فتح دلائی۔

مزید پڑھیے  کرکٹ آسڑیلیا نے کن کن کرکٹرز کو سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل نہیں کیا

کپتان روہت شرما نے 59 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 74 اور شبمن گل نے 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔شان دار بیٹنگ کرنے پر بھارتی کپتان روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

Back to top button