بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن کامیابی سے مکمل، تمام افراد کو ریسکیو کرلیا گیا

خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں پاشتو کے مقام پر کیبل کار کی رسی ٹوٹنے کے بعد پھنسنے والے بچوں سمیت تمام آٹھوں افراد کو پاک فوج نے کئی گھنٹوں پر محیط آپریشن کے بعد ریسکیو کر لیا۔

آپریشن کی کامیاب تکمیل کی تصدیق کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے بیان میں کہا کہ پاک فوج نے بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب سے مکمل کر لیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جی او سی ایس ایس جی نے اس ریسکیو آپریشن کی قیادت کی اور پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر کیبل کار میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیبل کار میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا اور بعد ازاں پاک فوج کی اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاکستان ائیر فورس کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہوسکی جبکہ آپریشن کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بے مثال مہارت اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مزید پڑھیے  عدالت عمران خان کو بلاتی ہے اور وہ کہتا ہے عدالت میرے پاس آئے، سراج الحق

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں لوکل کیبل ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں اور اس آپریشن میں سول انتظامیہ اور مقامی شہریوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مشکل اور کٹھن آپریشن تھا لیکن پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی آپریشن کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم، پاک فضائیہ، لوکل انتظامیہ، اور کیبل ایکسپرٹس کی مدد سے پاکستانی تاریخ کے اس منفردآپریشن کو سرانجام دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی آپریشن کی کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں انتہائی مطمئن ہوں کہ تمام بچوں کو کامیابی کے ساتھ بحفاظت طریقے سے ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے اس ریسکیو آپریشن کی کامیابی پر فوجی، ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

ضلع بٹگرام کے علاقے الائی میں کیبل کار کی رسی ٹوٹنے کا واقعہ صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان پیش آیا جب مقامی زبان میں ڈولی کہے جانے والی کیبل کار کے ذریعے طلبہ اسکول جارہے تھے، اس دوران 2 رسیاں ٹوٹنے سے کیبل کار فضا میں کئی فٹ بلندی پر پھنس گئی۔

مزید پڑھیے  نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری کا فیصلہ قانونی دفعات کے مطابق کیا جائیگا، نگران وزیراعظم

اس حوالے سے واضح نہیں ہوا کہ کیبل کار کتنی بلندی پر پھنسی ہوئی تھی البتہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے مطابق یہ کیبل کار ایک ہزار سے 2 ہزار فٹ کی بلندی پر پھنسی ہوئی تھی۔

کیبل کار جھانگری ندی کے اوپر محض ایک تار کے سہارے ہوا میں معلق تھی، جہاں اطراف میں بلند و بالا پہاڑ اور پتھریلی زمین ہے۔

Back to top button