بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

انڈسٹریل اسٹیٹ کی زمین کے حصول میں ہرممکن تعاون کروں گا۔ سنیٹر چوہدری تنویر خان

سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا کہ انہوں نے اس خطے میں بحریہ ٹاؤن اور کیپٹل سمارٹ سٹی سمیت چند بڑے منصوبوں کیلئے زمین فراہم کی ہے اور اس عزم کااظہار کیا کہ وہ آئی سی سی آئی کو بھی انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کے لیے زمین کے حصول میں ہرممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر سی پیک روٹ پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام پر غور کرے یا کسی اور مناسب جگہ کی نشاندہی کرے جبکہ وہ زمین کے حصول میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی کو زمین کسی منفعت سے بالا تر ہو کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے لہذا ان کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے معیشت مضبوط ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے صاحبزادے بیرسٹر دانیال چوہدری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

سنیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا کہ وہ آئی سی سی آئی کے وفد کی سینٹ چیئرمین محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کرانے کی کوشش کریں گے تاکہ وفدسینٹ کی کاروبار سے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں چیمبر کی نمائندگی کی اہمیت سے ان کو آگاہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے جو جڑواں شہروں کے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کے لیے چیمبر نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔

مزید پڑھیے  مسٹر کلین نے برطانیہ میں ریکور 50 ارب بحریہ ٹائون کے بقایا جات میں ایڈجسٹ کرائے،240کنال اراضی فرح شہزادی کے نام منتقل کی،رانا ثنا اللہ

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر خطے میں ایک جدید طرز کی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے طویل عرصے سے کوشاں ہے تاکہ صنعت کاری کو فروغ ملے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سنیٹر چوہدری تنویر خان اس اہم منصوبے کے لیے زمین کے حصول میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے طویل المدتی معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں اور کہا کہ سنیٹر چوہدری تنویر خان چیمبر کی ان کوششوں کی سرپرستی کریں جس سے ملک ایک درست سمت پر گامزن ہو گا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ آئی سی سی آئی سینٹ کی کاروبار سے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں بطور مبصر شرکت کے لیے کوشاں ہے تاکہ پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کی آواز کو پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چوہدری تنویر خان کا تعاون بہت معاون ثابت ہو گا۔

چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت زراعت اور سیاحت کے شعبوں کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے جس سے معیشت جلد بحال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنی ایک ایئرلائن شروع کرنے پر غور کر رہا ہے اور سنیٹر چوہدری تنویر خان کا اس منصوبے میں تعاون بہت مفید ہو گا۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ خطے میں ایک نیا صنعتی زون آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور امید ظاہر کی کہ سنیٹر چوہدری تنویر خان اس منصوبے کو جلد عملی شکل دینے میں بھرپور تعاون کریں گے۔جمشید اختر شیخ، خالد چوہدری، اختر عباسی، راجہ حسن اختر، محترمہ صائمہ دستگیر ا ور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

مزید پڑھیے  گرفتار سابق سینیٹر چوہدری تنویر اینٹی کرپشن راولپنڈی کے حوالے
Back to top button