بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج

لاہور کی انسداد دہشت گری کی عدالت نے عدم پیشی پر جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی سمیت دیگر واقعات میں ضمانتوں کی درخواست پر سماعت جج اعجاز بٹر نے کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدم پیشی پر چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستِ ضمانت خارج نہیں ہوسکتی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں اس لیے درخواست گزار کی عدم حاضری پر تکنیکی بنیادوں پر ضمانت خارج نہیں ہوسکتی، لہٰذا عدالت تیاری کے لیے مزید وقت دے۔

لیکن جج اعجاز بٹر نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آج ہی دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ عمران خان اس وقت پنجاب کی جیل میں قید ہیں، اس لیے عدالت انہیں جیل سے طلب کرے۔

جس پر جج اعجاز بٹر نے کہا کہ عدالت کے پاس ملزمان کو طلب کرنے کا اختیار موجود ہے لیکن چیئرمین تحریک انصاف سزا یافتہ ہیں، میں کوئی نیا قانون نہیں بنا سکتا، دیکھنا یہ ہے کہ سزا یافتہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوسکتی ہے یا نہیں۔

اس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں اور وہ اب بھی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیے  توشہ خانہ ریفرنس ٹرائل کورٹ کو موصول، عمران خان کو نوٹس جاری

جس پر جج نے کہا کہ جب وہ آزاد تھے تب تو وہ عدالت نہیں آتے تھے جس پر جواباً درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوتے ہیں اور انہوں نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بہت کم کی ہے۔

دورانِ سماعت استغاثہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پیشی کی استدعا کی مخالفت کردی۔

وکیل فرہاد علی شاہ نے کہا کہ عبوری ضمانت کے لیے عدالت کی کارروائی ملتوی کرنا بلاجواز ہے، عدالت چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت مسترد کردے۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف سے حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر سات مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی پر چیئرمین تحریک انصاف کی ضمانتیں خارج کیں اور حاضری معافی کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیسز میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دی گئی تھیں، جس کے بعد ان کی جلد رہائی کے امکانات معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

Back to top button