بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

وزیراعظم سے گوجرانوالہ بورڈ کے میٹرک امتحان میں پوزیشن ہولڈر جمشید علی کی ملاقات

وزیر اعظم کا جمشید علی کے ماسٹرز تک کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت کی سطح پر برداشت کرنے، ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفے کا بھی اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گوجرانوالہ بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم جمشید علی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جمشید علی کی والدہ، انکے میٹرک کے استاد وحید اشرف اور گوجرانوالہ بورڈ کے چیئرمین نوید حیدر شیرازی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے جمشید علی کو انکی میٹرک کے امتحانات میں شاندار کارکردگی پر سراہا۔ وزیراعظم  نے جمشید علی کو انکی شاندار کارکردگی پر حوصلہ افزائی کیلئے 10 لاکھ روپے انعام سے بھی نوازا۔

وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ جمشید علی کے ماسٹرز تک کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

وزیر اعظم نے جمشید علی کیلئے ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفے کا بھی اعلان کیا اور اس سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ بھی تعلیمی میدان میں ایسی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

جمشید علی کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آپ جیسے ہونہار طالب علم پاکستان کا فخر ہیں، آپ کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کی بھی خوب محنت شامل ہے، آپ پاکستان کے دیگر طالب علموں کیلئے بھی رول ماڈل ہیں۔

مزید پڑھیے  سیدہ ملیکہ عباس ہمدانی نے ہیڈ گرل کا الیکشن اڑھائی سو ووٹ سے جیت لیا
Back to top button