بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو دھول چٹا دی

ورلڈکپ 2023 کیلئے کوالیفائی نہ کرنے والی ویسٹ انڈیز  ٹیم نے بھارت کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست سے دوچار کر دیا۔اتوار کو ویسٹ انڈیز کے پرویڈنس میدان میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارتی بیٹنگ لائن شروع ہی سے مشکل میں رہی، 18 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں، پھر تلک ورما نے 51 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔دوسری جانب سے کپتان ہاردک پانڈیا نے 24 رنز بنائے ۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں  پر 152 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے  عقیل حسین ، الزاری جوزف اور روماریو شیفرڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی دو وکٹیں پہلے ہی اوور میں گر گئیں  لیکن نکولس پورن اس موقع پر ڈٹ گئے ، انہوں نے 4چھکے اور 6  چوکے لگائے اور  40 گیندوں پر 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ  پاول 21 اور ہیٹ مائر  نے 22 رنز بنائے، تاہم آخر میں عقیل حسین نے 16 اور الزاری جوزف نے 10 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو 2  وکٹ سے فتح دلا دی۔

ویسٹ انڈیز کو 5 میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری  حاصل ہوگئی ہے۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز سے مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست پر بھارتی ٹیم تنقید کی زد میں ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈکپ کے لیے پہلی بار کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔

مزید پڑھیے  خواجہ معین الدین چشتی کا سالانہ عرس، بھارت کا پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے انکار

اس کے علاوہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی ویسٹ انڈیز  ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی۔ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔

Back to top button