بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

توشہ خانہ کیس، عمران کا تیسری بار  اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے توشہ خانہ کیس سے متعلق تیسری بار  اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 4 اگست کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹرائل کیس کے جج کی جانبداری کےخلاف درخواست کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نےکیس قابل سماعت ہونے کا معاملہ واپس اسی جج کو بھیج دیا، سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کرنے والے جج نے ناقص اور سرسری طریقے سے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج ہمایوں دلاور کو کیس واپس بھیج کر قانونی غلطی کی ہے، کیس قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرنے والا جج دوبارہ آزادانہ طور پر کیسے سن سکتا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل جج نے فیصلہ دےکردرخواست گزارکے بنیادی حقوق سلب کیے۔

اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے توشہ خانہ ٹرائل پر حکم امتناع دینے کی بھی استدعا کر دی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں درخواستوں پر فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی جبکہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیے  چیف جسٹس نے ساتھی ججز کو غیر ضروری کشمکش میں الجھا دیا، جسٹس قاضی عیسیٰ کا ایک نوٹ ویب سائٹ سےہٹا دیا گیا
Back to top button