بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جے یو آئی کنونشن میں دھماکا، 30 جاں بحق، مولانا فضل الرحمان کی پرامن رہنے کی اپیل

باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق خار میں دھماکا ورکرز کنونشن کے اندر ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسرباجوڑ نے تصدیق کی کہ دھماکے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے اور جاں بحق افراد میں جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ دھماکے میں  50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو تیمرگرہ اور پشاور بھی منتقل کیا جا رہا ہے اور کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے میں جیو نیوز کے کیمرہ مین سمیع اللہ بھی شدید زخمی ہیں۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے اب تک معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیراعظم، وزیراعلیٰ کے پی سے واقعے کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے اپیل کی کہ جے یو آئی کے کارکنان اسپتال پہنچ کر خون کے عطیات دیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو تلقین کی کہ جے یو آئی کے کارکن پرامن رہیں۔

مزید پڑھیے  عمر شریف کی میت پیر کے بعد پاکستان پہنچے گی
Back to top button