بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جنوبی ایشیا کسی بھی دوسرے خطے سے زیادہ امن کا مستحق ہے، ظہیر جنجوعہ

کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ نے امید ظاہر کی ہے کہ جنوبی ایشیائی خطہ آنے والے وقتوں میں تنازعات سے پاک ہو جائے گا اور خطے کے لوگ امن اور ہم آہنگی سے اپنی زندگی گزار سکیں گے۔


انہوں نے ان خیالات کا اظہار سری چنموئے ونیس-ہوم پیس رن ٹیم کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور سفیر پاکستان کو امن مشعل پیش کی جسے نیویارک سے شروع کرنے کے بعد شکاگو لے جایا جائے گا۔


سفیر پاکستان ظہیر جنجوعہ نے امن ٹیم کا خیرمقدم کیا اور امن مشعل اور ایک جگہ سے دوسری جگہ تک دوڑ کے ذریعے تمام مذاہب، ثقافتوں اور شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور دوستی اور امن کو فروغ دینے پر منتظمین کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ بطور ملک پاکستان کو امن کی دوسروں سے کہیں زیادہ ضرورت ہے کیونکہ پاکستان ایک ایسے خطے میں واقع ہے جو طویل عرصے سے تنازعات کا شکار ہے۔ انہوں نے خاص طور پر کشمیر کے مظلوم عوام کا ذکر کیا جو 76 سال سے جبرو استبداد کا شکار ہیں اور جنہیں امن و آشتی کی اشد ضرورت ہے۔


قبل ازیں، پیس رن ٹیم کے ارکان کو پاکستان ہائی کمیشن پہنچنے کے بعد مشروبات اور ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔ امن ٹیم کے منتظمین نے ہائی کمشنر کو امن مشعل پیش کی اور امن کوششوں کا حصہ بننے پر پاکستان ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے ہاتھوں میں امن مشعل اٹھائے امن کے حصول، حمایت اور یکجہتی کے لیے دوڑ میں بھی حصہ لیا۔

مزید پڑھیے  وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم خریداری اور دیگر امور پر پالیسی سازی کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کردی
Back to top button