بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے تھلیچی کے قریب شاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 12 سیاح زخمی ہوگئے۔

دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) محمد ایاز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مقامی لوگوں نے ریسکیو میں مدد کی، ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہنزہ میں 2 ٹریفک حادثات میں 5 سیاح جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے، ایک حادثے میں ایک وین کھائی میں جاگری تھی اور دوسرے حادثے میں وین پہاڑ سے ٹکرا گئی تھی۔

گزشتہ ماہ اپر دیر سے چترال جانے والی ڈاٹسن گاڑی کھائی میں گرنے سے 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

12 جون کو آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً 28 زائرین سے بھری ایک کوسٹر حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور دیگر شدید زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیے  بابوسر ٹاپ 6 ماہ کے طویل وقفے کے بعد ٹریفک کیلئےکھول دیا گیا
Back to top button