بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزارت خارجہ کے حکام عافیہ کے ساتھ ملاقاتوں کے نوٹس ان کے وکلاء کو فراہم کریں ،اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ کے حکام سے کہا کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے قونصلیٹ کی ملاقات کے نوٹس (Notes) ان کے وکلاء کو خفیہ طور پر(confidentially) اگلے منگل تک فراہم کریں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل بینچ نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے ان کی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے دائر کردہ آئینی پٹیشن (سی پی 3139/2015) کی سماعت کی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے جبکہ انسانی حقوق کے وکیل کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ آن لائن پیش ہوئے۔گزشتہ سماعت کے دوران عدالت میں ایک اعلامیہ (confidentially) جمع کرایا گیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ پاکستانی قونصلر کی ملاقاتوں اور ملاقاتوں کے بارے میں رپورٹ اور نوٹس ان کے وکلا کے ساتھ شیئر کیے جائیں تاکہ وہ ان کی صحت کی صورتحال اور ان کی رہائی کے امکانات کے بارے میں قانونی آپشنز پر کام کر سکیں۔ تاہم، وزارت خارجہ کے حکام وکلاء کو ایسے نوٹ اور کاغذات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل کا کہنا تھا کہ معزز عدالت نے انہیں حکومت کے ساتھ نان ڈسکلوزر معاہدے پر دستخط کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ سرکاری کاغذات میں حساس معلومات، اگر کوئی ہیں تو انہیںپبلک کے ساتھ شیئر نہ کی جا سکیں۔ تاہم جمعہ کو ہونے والی سماعت کے دوران وزارت خارجہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقاتوں اور ملاقاتوں کے کاغذات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے عدم انکشاف کے معاہدے پر دستخط کرنے کا معاملہ ابھی زیر عمل ہے۔ جس پر عدالت نے وزارت خارجہ سے پیر تک مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کو کہا اور عدم تعمیل کی صورت میں جمعرات کو سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری قانون کو طلب کر کے عدالت کو بتایا جائے کہ اس معاملے میں قانونی رکاوٹیں کیا ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان جو کہ سماعت میں موجود تھے ،نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی جسمانی اور ذہنی طور پر صحت ٹھیک نہیں ہے۔

وہ امریکہ کی بدترین جیلوں میں سے ایک جیل میں قید ہے جو کہ قیدیوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے لیے بدنام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابی امریکہ میں نہیں اسلام آباد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان مخلصانہ کوشش کرے تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سالوں، مہینوں یا ہفتوں میں نہیں بلکہ دنوں میں ہوسکتی ہے۔ عافیہ موومنٹ پاکستان کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ امریکی جیل میں عافیہ سے ملی تھیں تو اس نے بتایا تھا کہ میں نے پاکستانی قونصلر کو اپنی والدہ کے لیے پیغامات دیے تھے مگر افسوس کہ یہ پیغامات ان کی والدہ عصمت صدیقی مرحومہ کے ساتھ شیئر نہیں کیے گئے۔ ہر بارپاکستانی حکام نے عافیہ کے خاندان کے ساتھ جھوٹ بولا کہ عافیہ نے ان کے لیے کوئی پیغام نہیں دیاہے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جنہوں نے یقین دلایا کہ دفتر خارجہ عافیہ کیس میں تعاون کرے گا۔وزیراعظم نے وزارت خارجہ کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں مزید کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امید ظاہر کی کہ معاملات درست سمت میں آگے بڑھیں گے اور جلد ہی قوم کو ڈاکٹر عافیہ کے بارے میں اچھی خبر سننے کو ملے گی۔

Back to top button