بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قابل تجدید توانائی کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان قابل تجدید توانائی کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے، وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی آئی ایم ایف ڈیل کے دوران یو اے ای کا کردار کلیدی رہا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اس معاہدے کے تحت قابل تجدید توانائی کی صلاحیت 10 ہزار میگاواٹ ہے، پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں متحدہ عرب امارات نے کلیدی کردار ادا کیا، ہر مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کا ساتھ دیا۔

اس موقع پر کانفرنس آف پارٹیز (کاپ 28) کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے موسمیاتی تبدیلی کے نمائندہ خصوصی، وزیر صنعت و ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان احمد الجابر بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وفد کا خیرمقدم کرتا ہوں، کاپ 28 کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی کا معاہدہ خوش آئند ہے، دونوں ممالک کے درمیان شمسی توانائی اور ونڈ پاور سمیت قابل تجدید توانائی میں تعاون کا بہترین موقع ہے، متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو اس شعبہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے شاندار منصوبہ تیار کیا ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی منصوبہ کی استعدادکار 10 ہزار میگاواٹ ہے، پنجاب، بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں سورج کی روشنی کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں ونڈ پاور سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مفاہمت کی اس یادداشت کو معاہدہ میں تبدیل کرکے اس پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ کاپ 28 کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے موسمیاتی تبدیلی کے نمائندے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان احمد الجابر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خصوصی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات اور پائیدار شراکت داری ہے، ہم دونوں ممالک کے درمیان نئے مواقع تلاش کرکے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاپ 28 کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے نتیجہ خیز اور جامع ایکشن پلان وضع کیا جائے گا۔ کانفرنس میں تمام فریقوں کو مساوی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان سے نمٹنے کیلئے لاس اینڈ ڈیمیج اور مالیاتی عدم فراہمی سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی کا معاہدہ دونوں سمت میں بہترین اقدام ہے، پاکستان کے ساتھ اس شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

Back to top button