بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

باکسر عثمان وزیر اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب

یوتھ ورلڈ چیمپئن قومی باکسر عثمان وزیر اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب، ٹائٹل چیلنجر  تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دیدی۔گلگت میں منعقدہ قراقرم انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں آٹھ راؤنڈز پر مشتمل ورلڈ ٹائٹل فائٹ میں تمام ججز نے اپنے متفقہ فیصلے کی بنیاد پر عثمان وزیر کو فاتح قرار دیا۔

مقابلے کے آغاز پر تنزانیہ کے باکسر فقیری سلیم نے عثمان وزیر کو دباؤ میں رکھا، ابتدائی راؤنڈز میں عثمان وزیر دفاع میں مصروف رہے۔ آٹھ راؤنڈ کی اس فائٹ میں پاکستانی باکسر عثمان وزیر آخری دو راؤنڈ کے دوران عمدہ طریقے سے لڑے اور اپنے تابڑ توڑ مکوں سے حریف کو بے بس کردیا۔

باکسنگ کا مقابلہ دیکھنے کیلئے پاکستان کے دو فاسٹ بولرز شاہنواز دہانی اور میر حمزہ بھی ایرینا میں موجود تھے، دونوں کرکٹرز نے مقابلہ شروع ہونے سے قبل باکسر عثمان وزیر کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔مقابلے کو دیکھنے کیلئے گلگت کے لالک جان اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ایرینا میں عثمان وزیر کی آمد پر اُن کا شاندار استقبال کیا۔

مقابلے کے اختتام پر تمام ججز نے متفقہ طور پر عثمان وزیر کے حق میں فیصلہ دیا تو ایرینا میں موجود تماشائیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اس موقع پر فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

مزید پڑھیے  آسٹریلین اوپن ٹینس اعصام الحق اور الیگزینڈر نیڈویوسو کی جوڑی کا فاتحانہ آغاز
Back to top button