بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

25 جون سے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 25 جون سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔حکام محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ 25 جون سے 30 جون کے دوران اسلام آباد، مری، راولپنڈی میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ چکوال، جہلم اور سیالکوٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے گلگت بلتستان، چترال، سوات، ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مانسہرہ اور ہری پور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 جون سے 30 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر مقامات پر بارشیں متوقع ہیں جبکہ 26 جون سے 29 جون کے دوران بلوچستان کے علاقوں بارکھان، سبی اور نصیر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 جون سے 29 جون کے دوران زیارت اور ژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، کرک اور وزیرستان میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔27 اور 28 جون کو سکھر اور جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیے  اسحاق ڈار وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
Back to top button