بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جناح ہائوس و دیگر فوجی تنصیبات میں جلائو گھیرائو ، 8 ملزمان ملٹری ایکٹ کارروائی کیلئے پاک فوج کے حوالے

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور دیگر فوجی تنصیبات میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے 8 ملزمان کو پاک فوج کے کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنےکا حکم دے دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج حامد حسین نے درخواست پر سماعت کی اور عدالت کی جانب سے یہ ہدایات ملٹری کمانڈنگ افسران فرحان نذیر قریشی اور محمد یاسر نواز چیمہ کی جانب سے اڈیالہ جیل میں 9 مئی کو درج مقدمات میں زیر حراست 4 مشتبہ افراد کی تحویل کی درخواستوں پر سماعت کے بعد جاری کی گئیں۔

ملزمان کےخلاف بالترتیب تھانہ آر اے بازار اور سول لائنز میں مقدمات درج ہیں اور انہی مقدمات کے تحت عدالت نے احکامات جاری کیے ہیں۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ملزمان کا جرم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ3، 7 اور 9 کے زمرے میں آتا ہے، عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کو ملٹری کمانڈنگ افسر کے حوالے کر دیا جائے۔

عدالت نے 8 ملزمان محمد ادریس، عمر فاروق، راجا محمد احسان، محمد علی، علی حسین، لعل شاہ، شہریار ذوالفقار اور فرہاد خان کو بھی ملٹری کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ملک گیر احتجاج شروع ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیے  شہباز شریف کی بیٹی اور داماد اشتہاری قرار
Back to top button