بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خود کش حملے کیخلاف اسلام آباد میں احتجاجی مارچ

ژوب میںامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملے کے خلاف ملک بھر کی طر ح اسلام آباد میںبھی دفتر جماعت اسلامی سے جی پی اور چوک تک احتجاجی مارچ کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ، جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی ، نائب امیر جماعت اسلامی محمد کاشف چوہدری ، ملک عبدالعزیز ، تحسین احمد خالد نے کی ،اس موقع پر کارکنان نے دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔
بعد ازاں کارکنان سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت پرحملہ صوبائی حکومت کی بد ترین ناکامی ہے ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے ،انھوں نے کہا ملک میں26سیکیورٹی ایجنسیاں کام کر رہی ہیں ہم پوچھنا چاہتے ہیں یہ اپنا کام کیوں نہیں کر رہی ، اگر ملک کے سیکیورٹی ادارے قومی قیادت کو بھی اگر تحفظ نہیں دے سکتے تو پھر ان کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے ، سراج الحق پاکستان بھر کے مظلوموں کے قائد ہیں،جماعت اسلامی ایک پُرامن جماعت ہے ، آئینی و قانونی اور جمہوری جدو جہد پر یقین رکھتی ہے ، ہم نے دہشت گردی کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور بلوچستان کے مظلوم و محکوم عوام سمیت ملک بھر کے پسے ہوئے طبقات اور عوام کے حقوق کے لیے آواز اُٹھائی ہے ، سراج الحق صاحب موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی ملک میں افہام و تفہیم کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا سراج الحق پر حملہ کا مقصد ملک میں افراتفری کی صورت حال پیدا کرنا ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان بھر کے مظلوم عوام کے ترجمان ہیں،دہشتگرد عناصر اور انکے سرپرست کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے، جو حکمران قومی رہنماﺅں کو تحفظ نہیں دے سکتے وہ عوام کا کیا تحفظ کر یں گے ،بم دھماکوں سے جماعت اسلامی کو ڈرایا نہیں جاسکتا، انھوں نے کہاجماعت اسلامی ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ سراج الحق کے قافلے پر ہو نے والے بم دھماکے کی فوری اور مکمل تحقیقات کروائے۔
محمد کاشف چوہدری نے کہا سراج الحق کے قافلے پر خودکش حملہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی مکمل ناکامی کا ثبوت ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، جماعت اسلامی ایک پ±رامن جماعت ہے، آئینی و قانونی اور جمہوری جدو جہد پر یقین رکھتی ہے، سراج الحق پر حملہ بزدلانہ کاروائی اور حکومت کی نااہلی ہے، حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

Back to top button