پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ ، اک ولولہ تازہ دیا جس نے دلوں کو
ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سرمایہ ء افتخار ، نامور ماہرتعلیم پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ کی ہردلعزیز ،عظیم المرتبت، علمی و ادبی شخصیت ہرگز کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج جوہرآباد کے ایکس ہیڈ آف ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کی حیثیت سے موصوف نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے آپ کو اعلی ا صلاحیتوں سے سرفراز کیا ہے ۔ آپ کے شاگردان عزیز کی ایک بہت بڑی تعداد اندرون و بیرون ملک مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ خوش اخلاقی ، خوش لباسی ، خوش گفتاری ، معاملہ فہمی ، بردباری اور ان جیسے دیگر اوصاف حمیدہ سے متصف ہیں۔ آپ علمی و ادبی اور سماجی حلقوں میں عزت و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں ۔ ضلع خوشاب کے علمی اور ادبی حلقوں کے لئے آپ نے مثالی خدمات سر انجام دی ہیں ۔ جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ کی عظیم المرتبت شخصیت حب الوطنی کے عظیم جذبے سے سرشار ہے۔ اس عظیم مشن کے تحت موصوف نظریہ ء پاکستان فورم ڈسٹرکٹ خوشاب کے صدر کی حیثیت سے نوجوان نسل کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔ اقبال کے شاہینوں کو تحریک پاکستان اور تاریخ پاکستان سے روشناس کرانے کے لیے گویا آپ اور آپ کی پوری ٹیم اس فورم کے ذریعہ سے اک نیاولولہ عطا کر رہی ہے ۔ نظریہ ء پاکستان ڈسٹرکٹ خوشاب کے فورم کی تشکیل کے ساتھ ساتھ انہوں نے حال ہی میں نظریہ ءپاکستان ڈسٹرکٹ خوشاب فورم کے نام سے ایک سوشل میڈیا کا گروپ بھی تشکیل دیا ہے ۔ درحقیقت وہ نظریہ ءپاکستان اور قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد صحیح اجاگر کرنے کے لیے ایک قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں ۔ اس فورم کے گروپ ممبران نے نظریہ ءپاکستان فورم ضلع خوشاب گروپ کی تشکیل یقینی طور پر موجودہ حالات میں ایک احسن اقدام قرارادیاہے۔ اس گروپ کے ذریعے ایک دوسرے کے قیمتی خیالات سے مستفید ہوا جا سکتا ہے ۔ تاریخ پاکستان کے طلباء بھی تحریک پاکستان ،تاریخ پاکستان، قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال، مولانا ظفر علی خان اور مولانا محمد علی جوہر سمیت دیگر قومی ہیروز کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔
نظریہء پاکستان سے ہماری اور ہماری آنے والی نسلوں کی واقفیت اشد ضروری ہے۔ اسلامی جمہوریہ ء پاکستان کے قیام کے حقیقی مقاصد کو سمجھنے کی بہت ضرورت ہے ۔ صوبائی ،نسلی، گروہی ، علاقائی یا لسانی اور دیگر عصبیتوں کا شکار ہوکر بانیاں پاکستان کی تعلیمات اور ان کے نظریات کو ہرگزفراموش نہیں کیاجاناچاہیے۔
پاکستانی معاشرے کو حقیقی اسلامی فلاحی معاشرہ بنانے کے لیے ہمیں من حیث القوم کردار ادا کرنا چاہیے ۔ نظریہ ء پاکستان ضلع خوشاب فورم کے صدر ممتاز ماہر تعلیم جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ نے انہی عظیم مقاصد کے حصول کے لیے ایک مخلصانہ کاوش شروع کر رکھی ہے ۔ جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو نظریہ ءپاکستان کے بارے میں لیکچرز دے رہے ہیں جو کہ بلاشبہ نظریہ ء پاکستان فورم ڈسٹرکٹ خوشاب کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے کیونکہ یہ خدمت قومی فریضہ سمجھ کر کی جا رہی ہے۔ انشاءاللہ ان کی یہ مساعی جمیلہ ضروررنگ لائے گی۔ ضلع بھر کے علمی حلقوں کی طرف سے جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے کیونکہ نظریہ ء پاکستان وقت کی ضرورت ہے، وقت کی پکار ہے۔ ہر پاکستانی کو اس کا شعور اور آگاہی حاصل ہونی چاہیے ۔ نظریہ ءپاکستان فورم ضلع خوشاب کے صدر جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ کے مطابق نظریہ ءپاکستان فورم ضلع خوشاب کے گروپ میں گروہی، مسلکی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق ،رواداری ،بھائ چارے، ملی یکجہتی اور اتحاد و یگانگت کے ساتھ ساتھ نظریہء پاکستان ،دو قومی نظریہ، تحریک پاکستان اور تاریخ پاکستان کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا جائے ۔ جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ کا کہنا ہے کہ اس گروپ میں تحریک پاکستان اور تاریخ پاکستان سے متعلق مفید مستند معلومات شئیر کی جائیں اور ایسا مواد پوسٹ کرنے والوں کا دلی خیر مقدم کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ اس گروپ میں ہمارے کئ کرم فرمانظریہ ءپاکستان سے متعلق بہت معلوماتی گفتگو اور تحریری مواد کے علاوہ قابل قدر ویڈیوز بھی شئیر کررہے ہیں جو بہت ہی مثبت اور خوش آئند بات ہے ۔ لہذا غیر متعلقہ مواد پوسٹ کرنے سے ہر طرح گریز کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاءاللہ تمام دوست جلدہی گروپ کی اہمیت اور حساسیت کو سمجھ جائیں گے ۔ نظریہ ء پاکستان فورم ضلع خوشاب کے آرگنائزرز کے مطابق ہمارا یہ پیارا ملک ہمیں کسی نے طشتری میں رکھ کے نہیں دیا اور نہ ہی یہ کوئی چند سالوں کی محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں مل گیا ہے ۔اس کے حصول کے لئے کم و بیش نو عشروں کی لازوال محنت اور ہمارے قائدین اور بزرگوں کی مسلسل اور انتھک کاوشیں ہیں تب کہیں جا کے یہ پیارا ملک ہمیں نصیب ہوا ۔
آخر پر ہم علم و ادب کے سرمایہء افتخار جناب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ انہیں اور ان کی پوری فیملی کو دائم شاد و آباد رکھیں اور ان کو ان عظیم قومی مقاصد میں شاندار کامیابیوں اور کامرانیوں سے ہمکنار کریں۔ آمین ثمہ آمین