بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن متوفی ملازم کے بیٹے کو وزیراعظم کے امدادی پیکیج کے تحت تعینات کرے، صدر مملکت کی ہدایت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو متوفی ملازم کے بیٹے کو ملازمت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن فوت شدہ ملازم کے بیٹے کو وزیراعظم کے امدادی پیکیج کے تحت تعینات کرے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے رضوان اللہ (شکایت کنندہ) کی طرف سے دائر کردہ درخواست منظور کرلی۔انہوں نے کہا کہ ایجنسی ایک اور متوفی ملازم کے بیٹے کو وزیر اعظم کے امدادی پیکیج کے تحت ملازمت فراہم کر چکی ہے، دوسرے ملازم کا انتقال 2012 میں ادارے کی جانب سے پالیسی اپنانے سے قبل ہوا، کارپوریشن شکایت کنندہ کے ساتھ یکساں سلوک سے انکار نہیں کرسکتی۔ صدر مملکت نے کہا کہ رضوان اللہ کے والد (بختاور شاہ) کارپوریشن کے ملازم تھے ، دوران سروس 2009 میں انتقال کر گئے۔شکایت کنندہ نے متوفی ملازمین کے بچوں کے کوٹے پر تقرری کیلئے درخواست دی، مگر کوئی فائدہ نہ ہوا۔شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا جس نے شکایت کو مسترد کردیا۔ محتسب نے مسترد شدہ فیصلہ میں کہا کہ والد کا انتقال 2009 میں ہوا، پیکج کو ادارے کی جانب سے 2012 میں اپنایا گیا، اس لئے پالیسی شکایت کنندہ پر لاگو نہیں ہوتی۔ بعد ازاں رضوان اللہ نے صدر مملکت کو محتسب کے حکم کے خلاف درخواست دائر کی جسے قبول کرلیا گیا۔ صدر مملکت نے فیصلہ میں قرار دیا کہ وزیراعظم کا امدادی پیکج 2006 میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے او ایم کے ذریعے جاری کیا گیا، 2006 کے بعد وقتا فوقتا امدادی پیکج میں ترامیم کی گئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ادارے نے جولائی 2012 سے پیکیج کو اپنایا مگر واضح نہیں کہ 2006 کا پیکیج اپنایا یا کوئی دوسرا پیکج اپنایا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سرکاری ملازمین کے بچے سول پوسٹوں پر ابتدائی تقرری کیلئے عمر کی حد کے مطابق کنٹریکٹ نوکری کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، وفاقی محتسب نے معاملے کے اہم پہلوئوں کو نظر انداز کیا ، احکامات کو مسترد کیا جاتا ہے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن شکایت کنندہ کی وزیر اعظم کے امدادی پیکج کے تحت تقرری کیلئے جلد از جلد کارروائی کرے ۔

Back to top button