بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

فارما انڈسٹری کی سہولت کیلئے اقدامات کریں گے۔ مہیش کمار ملانی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن مہیش کمار ملانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور فارما انڈسٹری کے مسائل کے بارے میں ان کو بریفنگ دی تاکہ وہ ان کو حل کرانے میں تعاون کر سکیں۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے وزیر مملکت مہیش کمار ملانی نے کہا کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری ادویات کی ملکی طلب کو پورا کرنے اور فارما مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اوراس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس صنعت کو سہولت فراہم کرنے میں ہرممکن تعاون کریں گے۔انہوں نے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی اہمیت پر بھی وفد کے ساتھ بات چیت کی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں، روپے کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے ادویات کی پیداواری لاگت بہت بڑھ گئی ہے جس وجہ سے کئی فارما کمپنیوں کی بقا خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خام مال کی درآمد کے لیے ایل سی بروقت جاری نہ ہونے کی وجہ سے ادویات کی پیداوار میں 20 فیصد سے زائد کمی ہو گئی ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ملک میں ادویات کی قلت پیدا ہو سکی ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس صنعت کو مزید مسائل سے بچانے کے لیے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی اور دیگر بحرانوں سے نکلنے کیلئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے لہذا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مہیش کمار ملانی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اگرچہ بینکوں نے درآمدات کے لیے فارما انڈسٹری کو ایل سی جاری کرنا دوبارہ شروع کر دی ہیں لیکن زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی کے باعث بینک تقریبا پچاس فیصد ایل سیزجاری کر رہے ہیں جس کی وجہ سے فارما انڈسٹری کی پیداواری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں لہذا حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان فارماسوٹیکلز مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اس صنعت کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے۔
چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک اور ظفر بختاوری نے بھی معیشت میں فارما انڈسٹری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ حکومت اس کے مسائل فوری طور پر حل کرنے پر توجہ دے گی۔

مزید پڑھیے  سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے کی کمی
Back to top button