بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بھارتی حکومت کے خلاف سکھ برادری کا احتجاجی مظاہرہ

بھارت کشمیریوں اور سکھوں پر مظالم بند کرے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ بھارت میں نریندرا مودی کی حکومت مظلوم کشمیریوں اور سکھ برادری پر مظالم بند کرے۔ یہ مطالبہ انہوں نے پیر کے روز برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بھارتی حکومت کے خلاف سکھ برادری کے احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں سے بھارتی حکومت نے پنجاب میں سکھوں کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ابتک بہت سے سکھوں کو گرفتار کرلیا۔ بھارت کے ظالمانہ رویے کے خلاف دنیا بھر میں مقیم سکھوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیے ہیں۔

بلجیئم کے درالحکومت برسلز میں بھی اسی حوالے سے پیر کے روز یورپی پارلیمنٹ کے سامنے جسٹس فار سکھ ریلی کے عنوان سے ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس میں یورپ بھر سے سکھوں نے شرکت کی۔

کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کے ہمراہ کونسل کے سینئر عہدیدار اور ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد جوشی بھی برسلز کے سکھ مظاہرے میں شریک ہوئے۔

علی رضا سید نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے علاوہ سکھ برادری سمیت بھارت میں رہنے والی اقلیتوں کے ساتھ بھی ظالمانہ رویہ رکھتا ہے اور آئے دن ایسے اقدامات کرتا رہتا ہے جس سے ان کے بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظالمانہ سلوک کی وجہ سے سکھ برادری خالصتان بنانے کا مطالبہ کررہی ہے اور حالیہ سالوں کے دوران خالصتان تحریک میں شدت آگئی ہے۔ نہ صرف بھارت کے اندر سکھ اس مطالبے کو اجاگر کررہے ہیں بلکہ دنیا بھر کے سکھ عالمی سطح پر اس مطالبے کے حق میں اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی پنجاب میں حکومت نے سکھ برادری کے بڑھتے ہوئے احتجاج کو روکنے کے لیے سکھوں کے سیاسی اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے اور موبائل و انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔ اس کے علاوہ، بڑی تعداد میں سکھوں کو حراست میں لے لیا ہے جن میں متعدد نوجوان بھی شامل ہیں۔

برسلز کی سکھ ریلی میں کشمیرکونسل ای یو کے وفد نے فری کشمیر کے بینر کے ساتھ شرکت کرکے سکھ برادری سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔

چوہدری خالد جوشی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح مظلوم کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، اسی طرح سکھوں سمیت بھارت کی اقلیتی برادریاں بھی بھارتی مظالم سے تنگ آکر آزادی چاہتی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں پر بھارتی مظالم بند کروائے اور ان کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے بڑی طاقتوں کے موثر کردار پر زور دیا ۔۔

Back to top button