بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق،عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، ظفر علی شاہ

راولپنڈی(سی این پی)یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے زیر اہتمام کارنرمیٹنگ کااہتمام کیا گیا۔تقریب سے سابق سینیٹر اور رہنما پی ٹی آئی سید ظفر علی شاہ،راجہ سکندر محمود،قیصر کیانی،رانا جلیل حسن گادی، راجہ محمد علی ۔میاں عمران حیات،راجہ ناصر محفوظ،رابعہ اختر،سیدہ سمیرا رضا اور چوہدری مقرب صاحب نے خطاب کیا۔سید ظفر علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وادی کشمیر بیگناہ مسلمانوں کے خون سے سرخ ہوگئی ہے، بھارت نے کشمیرکو جیل بنا رکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے، بھارت کا مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وستم بڑھتا جارہا ہے، بھارت نے پورے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔انکا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ کشمیرکے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی، بھارتی ظلم وستم کے باوجود کشمیری اپنے موقف سے نہیں ہٹے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، راجہ سکندر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مظلوم کشمیری جوانمردی سے بھارتی ظلم و جبر کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔آزادی کے حصول کیلئے کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیری اقوام متحدہ کے منشور پر عمل درآمد کی جنگ لڑ رہے ہیں ، کشمیری سلامتی کونسل کی قرار دادوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں ظلم کی ہر حد پار چکا ، لیکن آزادی کی آوازیں دبنے کی بجائے مزید بلند ہو رہی ہیں، بھارت کی اس سے بڑی ہار کیا ہو گی کہ ہر ظلم کے باوجود ناکامی اس کا مقدر ہے، خواتین و بچوں سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لئے دی جانے والی عظیم قربانیاں بے مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور بہادر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔کشمیرکی آزادی تک پاکستان کشمیریوں کی غیرمشروط حمایت جاری رکھے گا۔میٹنگ میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر سید ظفر علی شاہ کی قیادت میں موجودہ امپورٹد حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں اور فواد چوہدری و شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی گئی۔

Back to top button