بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا، وزیراعظم صدارت کرینگے

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج پشاور میں ایپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے ہولناک واقعے کے محرکات پر غور کیا جائے گا۔

ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ ، آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم ، سیکیورٹی فورسز ، پولیس کے حکام اور اعلیٰ سرکاری افسران شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‏وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج پشاور میں ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اجلاس گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہوگا۔

اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران شریک ہوں گے۔

اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات زیر غور آئیں گے۔

Back to top button