بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چوہدری شجاعت مسلم لیگ ق کے صدر برقرار، سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی غیر قانونی قرار

الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا صدر قرار دیتے ہوئے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دے دیا اور کہا کہ چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ (ق) کے صدر برقرار رہیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔

الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کی برطرفی کو پارٹی آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے فیصلے میں کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی بھی غیر قانونی ہے، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں ق لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا جاری کردہ پارٹی الیکشن شیڈول بھی کالعدم قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں پارٹی صدر برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں فیصلہ محفوظ کیا تھا، چودھری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی، الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر چودھری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں (ق) لیگ کے مشاورتی اجلاس کے دوران چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان کی جگہ ان کے بھائی چودھری وجاہت حسین کو (ق) لیگ کا صدر مقرر کیا گیا تھا، اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ کو ہٹاکر کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری جنرل بنایا گیا۔

Back to top button