بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یورپی یونین دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا معترف ہے، یلوا جانسن

یورپی کمشنر برائے امور داخلہ و مائیگریشن یلوا جانسن نے کہا ہے کہ یورپی یونین دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا معترف ہے۔دفتر خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یلوا جانسن نے کہا کہ میں پاکستان میں اپنے پرجوش استقبال پر انتہائی شکر گزار ہوں۔یلوا جانسن نے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان 60 سالہ تعلق ہے، پاکستان یورپی یونین کا اہم اسٹریٹجک پارٹنر رہا ہے، تجارت سمیت کئی شعبوں میں دونوں کے درمیان مؤثر تعلق ہے جسے ہم مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا معترف ہے، سیکیورٹی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مزید گہرے تعاون کی ضرروت ہے۔یلوا جانسن نے کہا کہ افغان مہاجرین کے لیے اقدامات پر پاکستان داد کا مستحق ہے، اسی طرح یورپی یونین بھی اب 45 لاکھ یوکرینی مہاجرین کو پناہ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج خوشی ہے کہ ہم یہاں ہجرت اور نقل مکانی پر ایک ڈائیلاگ شروع کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، ہم پہلے سے موجود تعاون کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔یلوا جانسن نے کہا کہ یورپی یونین کو کئی شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے، پاکستان اس شعبے میں اہم معاونت کر سکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ کی راک تھام کے لیے قانونی و غیر قانونی ہجرت کے درمیان فرق واضح رکھنا بھی ضروری ہے۔اس موقع پر حنا ربانی کھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 30 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی، میں دنیا میں اور کسی ایسے ملک کو نہیں جانتی جس نے اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو پناہ اور دیگر سہولیات فراہم کی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس راستے سے غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے حوالے سے یورپی یونین کے خدشات سے پاکستان بخوبی واقف ہے، اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کہ براستہ پاکستان غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ کم سے کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کمشنر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں جو آئندہ برس کی پہلی ششماہی میں نقل مکانی اور ہجرت پر یورپی یونین کی جانب سے ایک ڈائیلاگ شروع کرنے کے عزم کے ساتھ آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم امید کرتے ہیں کہ جائز اور قانونی نقل مکانی کے لیے نئے راستے کھولے جائیں گے، پاکستان کے پاس قابلیت سے بھرپور افرادی وقت موجود ہے جس کا یورپی یونین کو کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ڈائیلاگ کے فروغ کے لیے مسلسل کوشش جاری رکھیں گے جوکہ دونوں فریقین کے مفاد میں ہے۔خیال رہے کہ یورپی کمشنر برائے داخلہ و مائیگریشن یلوا جانسن دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچی ہیں، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے اسلام آباد پہنچنے پر کمشنر کا استقبال کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ’یورپی کمشنر برائے امور داخلہ پاکستان کے ساتھ ہجرت اور نقل و حرکت اور سیکیورٹی پر یورپی یونین کے تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے اہم دورہ کر رہی ہیں‘۔بعد ازاں یلوا جانسن نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان نقل مکانی اور ہجرت پر مباحثے اور سیکورٹی تعاون کے حوالے سے اہم ہے۔

Back to top button