بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

حکومت ملک میں جامع اورپائیدار اقتصادی نموکیلئے اقدامات کررہی ہے، اسحق ڈار

وزیرخزانہ کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے اعلی عہدیداروں اورکثیرالجہتی شراکت داروں سے ملاقاتوں میں گفتگو

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت ملک میں جامع اورپائیداراقتصادی نموکیلئے اقدامات کررہی ہے، حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے اعلی عہدیداروں اورکثیرالجہتی شراکت داروں سے ملاقاتوں میں کہی۔ وزیرخزانہ نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ہ اینٹونیٹ سائیہ سے ملاقات کی۔

وزیرخزانہ نے انہیں پاکستان میں غیر معمولی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اورمعیشت کو مستحکم اورپائیداربنانے کے علاوہ اس کی لچکدار بحالی کے لیے حکومت پاکستان کے وژن سے آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے حکومت کی پالیسیوں کو سراہا اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے ملاقات کے دوران پاکستان کی سماجی اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون پر بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غیرمعمولی تباہ کن سیلاب کے بعد بچاو اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مالپاس نے یقین دلایا کہ بینک پاکستان کو سیلاب کی وجہ سے سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ وزیر خزانہ نے جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن رائزر سے بھی ملاقات کی ،انہوں نے نائب صدر رائسر کا پاکستان کے دورے پر شکریہ ادا کیا اورکہاکہ اس دورے نے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے زبردست نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد فراہم کی ۔ نائب صدر نے یقین دلایا کہ بینک ان معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا جن کا ملک کو سامنا ہے۔

وزیرخزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی اور اسلامی ترقیاتی بنک کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ پاکستان اور بینک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔ صدر الجاسر نے سیلاب زدگان کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقات میں معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی وژن کی وضاحت کی اور یقین دلایا کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہے۔

وفد نے ریٹنگ ایجنسیوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور سالانہ اجلاسوں کے دوران منعقد ہونے والی کئی تقریبات میں شرکت کی۔ پاکستانی وفد نے پاکستان ہاوس میں پاکستانی پیشہ ور افراد کے ایک متنوع گروپ کے ساتھ بھی ملاقات کی جن میں معروف کاروباری شخصیات، ٹیک انٹرپرینیورز اور دیگر شامل تھے۔

وزیر خزانہ واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے آئی ایم ایف/ورلڈ بینک کے 2022 کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ دیگر مندوبین میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ حمید یعقوب شیخ، ڈاکٹر کاظم احمد شامل ہیں۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نیاز اور، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈویژن  علی طاہربھی ہمراہ تھے ۔

Back to top button