بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف احکام اور عالمی بینک کے صدر سے ملاقاتیں

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا کے دورے کے دوران آئی ایم ایف کے حکام اور عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے دورۂ امریکا کے حوالے سے وزارتِ خزانہ نے اعلامیہ جاری کر دیا جس میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے مڈل ایسٹ و سینٹر ایشیاء ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جہاد آزور نے پاکستان میں سیلاب کی صورتِ حال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ توسیعی پروگرام سے پاکستان کو کووڈ 19 کے بعد سے پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں سیلاب سے غیر معمولی نقصانات کے حوالے سے آگاہ کیا، معیشت کی استحکام، پائیداری اور بحالی کے لیے حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کے لیے پاکستان کی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات کی اور سماجی اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون، تباہ کن سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے کہا کہ سیلاب سے سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء رائسر سے بھی ملاقات کی اور ان کا پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک کے نائب صدر نے اس موقع پر کہا کہ بینک معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

Back to top button