بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

استعفے منظوری کا نوٹیفکیشن صرف عبدالشکور شاد کی حد تک معطل ہے، ہائیکورٹ کی وضاحت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ استعفے منظوری اور الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن صرف ایم این اے عبدالشکور شاد کی حد تک معطل رہے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی ایم این اے عبد الشکور شاد کے استعفیٰ منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے کہا کہ عبد الشکور شاد کی حد تک الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل ہے، پٹیشنر عبد الشکور شاد تھے تو اس لیے نوٹیفکیشن بھی ایک ممبر کی حد تک معطل ہے۔

پٹیشنر کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 11 ممبران کا اکٹھا نوٹیفکیشن کیا تھا۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ سب کی حد تک تو نوٹیفکیشن معطل نہیں تھا، نوٹیفکیشن اکٹھا ہے لیکن صرف ایک ممبر کی حد تک نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔

Back to top button