بسم اللہ الرحمن الرحیم

کورونا وائرس

ملک میں کورونا کیسز بڑھنے لگے، شہری ماسک کا استعمال کریں،این آئی ایچ

قومی ادارۂ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شہری ہجوم والی جگہوں پر احتیاط کریں اور ماسک پہنیں۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے اعلامیے کے مطابق ہجوم والی جگہوں پر شہری سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

این آئی ایچ نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین کی اہل 85 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ شہرِ اقتدار میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 06 فیصد ہو گئی ہے۔

ڈی ایچ او نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 971 ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 20 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 35 ہزار 783 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 1 ہزار 25 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں پھر اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 20 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں50 ویں نمبر پر ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس موذی وباء سے 1 اور مریض انتقال کر گیا۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 113 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 85 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 384 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 32 ہزار 266 ہو چکی ہے۔

 

اشتہار
Back to top button