بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خیبرپختونخوا کے اساتذہ کی عمران خان کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی

سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر دھرنا دینے والے خیبر پختونخوا کے اساتذہ نے عمران خان کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے۔

موقع پر موجود پولیس نے  مظاہرین کو عمران خان کے گھر میں داخل ہونے سے روک دیا، پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر  بیریئر  پر موجود ہے۔

مظاہرین نے دھمکی دی ہے کہ 10منٹ میں بیریئر ہٹایا جائے ورنہ اساتذہ زبردستی آگے بڑھیں گے۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی بارہ کہو کا کہنا ہے کہ مجسٹریٹ اور پولیس حکام مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈی ایس پی بارہ کہو نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد کوئی وفد آپ کا مسئلہ حل کرنے آ جائے گا۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا سے آئے  ہوئے اساتذہ کا بنی گالہ میں دھرنا جاری ہے جنہوں نے سابق وزیراعظم کے گھر کی طرف جانے والے راستے پر ٹینٹ لگا دیے ہیں۔

احتجاج کرنے والے اساتذہ کہتے ہیں کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو کے پی میں پی ٹی آئی کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ صوبے کے 58 ہزار اساتذہ کو تاریخِ  تقرری سے مستقل کیا جائے۔ تاریخ تقرری سے سنیارٹی اور سالانہ انکریمنٹ بھی دیا جائے۔

Back to top button