بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کے منحر ف ارکان کھل کر سامنے آگئے،ضمیر کی آواز پر ووٹ دینے کا اعلان

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2 منحرف ارکان سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں راجا ریاض نے کہا کہ ہمارے ساتھ 24 ارکان ہیں جو ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔

نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے راجاریاض نے کہا کہ ‘ہم اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے، ہمارا خان صاحب سے اختلاف ہے اس لیے ووٹ اپنے ضمیر کے مطابق دیں گے’۔

سندھ ہاؤس اسلام میں موجودگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ‘پارلیمنٹ لارجز پر حملے کی وجہ سے یہاں ہیں، عمران خان گارنٹی دیں کہ حکومتی ارکان کو ضمیر کے مطابق ووٹ دینے کی اجازت دیں گے اور پولیس حملے نہیں ہوں گے تو پارلیمنٹ لاجز منتقل ہوجائیں گے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘دو درجن کے قریب لوگ موجود ہیں، 24 اراکین جن کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے’۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ‘چوہدری پرویز الہٰی کی معلومات درست نہیں ہیں، اور بھی لوگ آئیں گے لیکن مسلم لیگ (ن) ایڈجسٹ نہیں کر پا رہی ہے’۔

پی ٹی آئی کے ایک اور رکن اسمبلی نواب شیر و سیر نے کہا کہ ‘ووٹ ڈالنے کے لیے فواد چوہدری کو جپھی ڈال کر جائیں گے، ان سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے، وہ ہمارے برخوردار ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ بڑھکیں ہیں، وہ ہمیں گدھے اور خچر کہیں تو بھلائی کی کیا توقع کریں، سیاست دان کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے نہیں لڑیں گے، آزاد لڑنا ہے یا کوئی اور فیصلہ اپنی مرضی سے کریں گے’۔

Back to top button