بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم سے سخت جملوں کا تبادلہ، پرویز خٹک کیا کہتے ہیں؟

تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے تلخ کلامی کے معاملے پر وزیر دفاع پرویز خٹک کا رد عمل سامنے آگیا ہے۔

وزیر دفاع پرویز  خٹک نے  صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ کسی سے تلخ کلامی نہیں ہوئی، میں نے اپنے حق کی بات کی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ اجلاس سے اٹھ کر باہر کیوں گئے تھے تو انہوں نے کہا کہ اجلاس سے ناراض ہوکر نہیں بلکہ سگریٹ پینے باہرگیا تھا۔

پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ اختلاف کوئی نہیں صرف گیس کی بات ہوئی تھی، وزیراعظم سے اختلاف کبھی نہیں ہوا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وزیر اعظم پر آپ کو اعتماد ہے؟ تو  پرویز خٹک نے جواب دیا کہ وزیراعظم پر 100 فیصد اعتماد ہے، گیس کی بات ہوئی ہے  پرابلم کو  زیر بحث لائے ہیں، کسی مسئلے کو  زیر بحث لائیں تو اسے اختلاف نہیں کہتے۔

پرویز خٹک سے جب پوچھا گیا کہ کوئی فارورڈ بلاک تو نہیں بن رہاتو انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو  فارورڈ بلاک بنانے ہی نہیں دیں گے۔

قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہو ہے۔

قومی اسمبلی میں منی بجٹ ان دنوں زیر بحث ہے اور ضمنی مالیاتی بل کی منظوی سے قبل ارکان قومی اسمبلی کو اعمتاد میں لینے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں معاملہ مزید بگڑ گیا، پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیے  پاکستان اقلتیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، مسعود خان
Back to top button