پنجاب ،خیبرپختونخوا میں دھندچھائی رہی،موٹروے کئی مقامات سے بند
حد نگاہ انتہائی کم، ٹریفک روانی متاثر ،لاہور میں فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ۔ جاڑے کی شدت میں اضافے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند بھی بڑھ گئی۔موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان تک اور ایم ٹو سالم سے کوٹ مومن اور بھیرہ تک بند ہے، شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری، ایم فور اور ایم فائیو بھی مکمل بند کردی گئی، ملتان، فیصل آبادمیں حد نگاہ کم رہی۔ گوجرہ، وہاڑی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔کلور کوٹ، رینالہ اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔دھند بڑھنے سے لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹس آپریشن معطل ہو گیا ، پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیر سے مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔