بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

رانا شمیم توہین عدالت کیس،فرد جرم 7جنوری کو عائد ہو گی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم توہین عدالت کیس میں 7 جنوری کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقررکر دی،ریمارکس میں کہاکہ تمام ملزمان پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ یہ معاملہ صرف سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثارسےمتعلق نہیں، بیان حلفی نےاس کورٹ کومشکوک بنا دیا ہے، ایک بیانیہ بنایا گیا ہے کہ یہ عدالت کمپرومائزڈ ہے، بیان حلفی کے بینفشریز کو اس کورٹ سے ریلیف ملا۔

کیس کی سماعت کے دوران رانا شمیم کا اصل بیان حلفی سربمہر لفافے میں عدالت میں پیش کیا گیا، اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہاکہ رانا شمیم کو بتانا ہے کہ کس کے سامنے بیان حلفی رکارڈ کرایا اور یہ کیسے لیک ہوا؟

اٹارنی جنرل نے بیان حلفی کی مصدقہ نقل دینے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ بھی دیکھیں کہ کہیں اس کا فونٹ کیلبری تو نہیں ہے۔

کیس کی سماعت سے قبل عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا شمیم نے بتایا کہ بیان حلفی ریکارڈ کراتے وقت اکیلا تھا۔

رانا شمیم کی عدالت آمد کے موقع پر وہا ں موجود صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے آپ نے میاں صاحب کے ساتھ بیٹھ کر بیان حلفی بنایا،کیا اس بات میں کوئی صداقت ہے؟ آپ کوئی کمنٹ کریں گے؟

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے صحافی کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ یہ بات تو آپ انہی سے پوچھیں جو ایسا کہہ رہے ہیں۔

صحافی نے رانا شمیم سے پھر سوال کیا کہ آپ نے اکیلے یہ حلف نامہ دیا تھا؟جواب میں رانا شمیم نے کہاکہ بالکل۔

Back to top button