بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سعودی عرب میں کام کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر

پاکستان اور سعودی عرب نے ورکرز کی بھرتی اور مملکت میں کام کرنے والی پاکستانی افرادی قوت کی مہارت کی تصدیق سے متعلق دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر پاکستان کے وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور تکامل، سعودی عرب کی جانب سے ڈاکٹر احمد جبار الیمنی نے دستخط کیے۔

بیان میں کہا گیا کہ کارکنوں کی بھرتی کا معاہدہ مملکت میں متنوع پیشوں میں پاکستان سے افرادی قوت کی برآمد کے عمل کو ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو گا، ان کے حقوق کو تحفظ ملے گا اور سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوسکے گا۔

اس کے ساتھ یہ معاہدہ کانٹریکٹ کے تنازعات کو حل کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی پر بھرتی کرنے والے دفاتر، کمپنیوں یا ایجنسیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے میں بھی مدد کرے گا۔

ہنر کی تصدیق کے معاہدے سے مملکت کے لیے ہنر مند اور تصدیق شدہ پاکستانی افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ ہو گا۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی افرادی قوت کی بیرون ملک ملازمت کو بہتر بنانے کے لیے جدید مہارتوں کی فراہمی اور سرٹیفیکیشن کو یقینی بنانا وزیر اعظم عمران خان کے ترجیحی شعبوں میں شامل تھے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری ہنر مند افرادی قوت کے لیے سرٹیفیکیشن پاکستان میں تکنیکی افرادی قوت کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تربیت اور سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کے مواقع پیدا کرے گا۔

وفاقی وزارت تعلیم سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی میں دستخط ہوئے جہاں سینیئر عہدیدار موجود تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ اہم تعاون تکامل سعودی عرب اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) پاکستان کی مشترکہ سرٹیفیکیشن اور ٹیسٹنگ کے ذریعے ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے دور رس اثرات مرتب کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس معاہدے سے سعودی عرب میں کام کرنے والی پہلے سے موجود افرادی قوت کے حقوق کا بھی تحفظ ہوگا اور توقع ہے کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں کے نتیجہ میں لاکھوں ہنر مند پاکستانی کارکنوں کو روزگار کے پرکشش مواقع ملیں گے اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

بیان میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی نے لیبر مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے کے لیے جولائی 2021میں اسکلز ویریفکیشن پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کے آغاز کے بعد سعودی عرب میں ملازمت حاصل کرنے کی خواہش مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے ہنر کی تصدیق ضروری ہو چکی ہے۔

Back to top button