بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلدیاتی الیکشن شیڈول میں تبدیلی ،عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد کردی

 سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول میں تبدیلی کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پرکرانے کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کیلئے تمام اقدامات کرچکا ہے، بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی 2 سال تاخیرہوچکی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے مؤقف اپنایا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے۔

دورانِ سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کو آکرکہنا چاہیے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہورہا ہے۔

عدلت نے کہا کہ ہم الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے کے سخت مخالف ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

Back to top button