بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان یو اے ای کا قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنانے اور کثیر الجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے مابین ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب کو ایکسپو 2020 کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ میگا ایونٹ شاندار کامیابی حاصل کرے گا۔

دونوں ممالک کے وزرا نے دوطرفہ معاملات کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی مسائل پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی اور شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے مابین قریبی تعلقات ہیں اور حالیہ دو برس کے دوران متعدد مرتبہ ملاقات ہوچکی ہیں۔

رواں اپریل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے یو اے ای کے دورے پر پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل خاص طور پر ویزا سے متعلق امور پر پابندیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران پاکستانیوں کے لیے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کی ترقی کے سلسلے میں پاکستانی تارکین وطن کے ‘مثبت کردار’ پر دیتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت غیر ملکیوں کے لیے ‘قابل تحسین’ رہی ہے۔

Back to top button