بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یوم دفاعِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا

مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

ملک بھر میں آج یوم دفاعِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

اس پر وقار تقریب میں مزار قائد پرگارڈز  کے فرائض پاک فضائیہ کےکیڈٹس نے سنبھال لیے۔

یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پیغام میں صدر پاکستان عارف علوی نے کہا کہ افواج پاکستان نے بے مثال جرأت مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا،  مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

6 ستمبر 1965ء جب دشمن بھارت نے بغیر اعلان کیے پاکستان پر حملہ کر دیا، اس دن پاک افواج کےدلیر اور جری جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور جذبہ حب الوطنی کے تحت بےدریغ لڑتے ہوئےدشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔

65ء کی جنگ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئےلاہور کینٹ میں یادگارِ شہدا پر پُروقار تقریب ہوئی۔گیریژن کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول چڑھائے اور پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

یادگار شہدا کے ساتھ آرمی میوزیم بھی بنایا گیا ہے جس میں جنگ ستمبر کے دوران دشمن سے چھینے گئے ہتھیار رکھنے کے علاوہ تحریک پاکستان کی تصویری منظر کشی بھی کی گئی ہے۔

 میوزیم کے مختلف حصوں کوشہدا کارنر، نشانِ حیدر گیلری، پاکستان کی جنگی تاریخ، دنیا کے بلند ترین جنگی محاذ سیاچن پر زندگی، کشمیر کارنر، نئی قوم کی تشکیل، قائد اور افواج، دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاکستان کا اقوام متحدہ امن مشن میں کردار، اقلیتوں کی قومی تعمیر میں کاوشیں اور قربانیاں کے نام دیے گئے ہیں۔

آرمی میوزیم میں ہر قدم پر قبضے میں لیا گیا دشمن کا سامان اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے کس جواں مردی کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

Back to top button