بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

محسن داوڑ نے نئی سیاسی جماعت نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ بنا لی

محسن داوڑ نے پشاور میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام، پرچم اور منشور کا اعلان کیا

شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے راہیں جدا کر لیں، محسن داوڑ نے پی ٹی ایم کو غیر سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا- تفصیلات کےمطابق شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے راہیں جدا کر کے اپنی علیحدہ سیاسی جماعت کی تشکیل کا اعلان کردیا۔

محسن داوڑ نے پشاور میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام، پرچم اور منشور کا اعلان کیا، انہوں نے بتایا کہ پارٹی کا نام ’نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ‘ (این ڈی ایم) رکھا ہے، جس کی مرکزی کمیٹی کا چیئرمین محسن داوڑ کو مقرر کیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن داوڑ نے کہا کہ ’جمہوری قوم پرست سیاسی جماعت کے لیے کارکنان ایک تنظیم کی عدم موجودگی کی کمی محسوس کرتے تھے، این ڈی ایم بہت جلد صوبائی یونٹس تشکیل دے گی، پھر ضلعی سطح پر تنظیم سازی کر کے پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’پارٹی مشران ہماری تحریک کا بنیادی حصہ ہوں گے، نوجوانوں کو سیاست اور سیاسی جماعتوں میں حقیقی نمائندگی نہیں ملی، ہم کونسل منتخب کر کے مستقبل کے لیڈر شپ کا تعین کریں گے‘۔ محسن داوڑ نے کہا کہ ’میں پی ٹی ایم کا کارکن نہیں حامی تھا، وہ ایک غیر سیاسی تنظیم ہے، اس لیے علیحدگی اختیار کر کے اپنی جماعت بنائی، مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی ایم ہماری جماعت کو سپورٹ کرے گی‘۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر افراسیاب خٹک، بشرا گوہر، جمیلہ گیلانی اور عبدالطیف ایڈوکیٹ آفریدی نے بھی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Back to top button